اسلامیہ کالج یونیورسٹی کی نویں کانووکیشن: محمد رضوان کولائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈز

غنی الرحمن
پشاور: اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں ایک پُروقار اور تاریخی کانووکیشن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نہ صرف یونیورسٹی کے مختلف شعبوں سے فارغ التحصیل ہونہار طلبہ و طالبات کو ڈگریاں عطا کی گئیں بلکہ کالج سے وابستہ اُن عظیم شخصیات کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی جنہوں نے کھیل، ادب، تحقیق، طب اور انتظامی امور میں نمایاں خدمات سرانجام دے کر اسلامیہ کالج کا نام ملکی و بین الاقوامی سطح پر روشن کیا۔
یہ اسلامیہ کالج یونیورسٹی کی نویں کانووکیشن تقریب تھی جس میں وائس چانسلر، پروفیسرز، معزز مہمانان گرامی، والدین، طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرأن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد کانووکیشن کی رسمی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر فارغ التحصیل طلبہ کو ان کی محنت کا صلہ ڈگریوں کی صورت میں دیا گیا جبکہ اسلامیہ کالج کی ترقی اور وقار میں اضافہ کرنے والی شخصیات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کی سب سے نمایاں جھلک انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹر، متقی، محنتی اور دیانت دار کھلاڑی محمد رضوان کو لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جانا تھا۔ محمد رضوان، جو اسلامیہ کالج کے سابق طالب علم ہیں، آج پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایک ناقابلِ تسخیر سرمایہ بن چکے ہیں۔ اُنہیں کرکٹ میں غیر معمولی کارکردگی، نظم و ضبط، حب الوطنی اور نوجوانوں کے لیے مثالی کردار ادا کرنے پر یہ اعزاز دیا گیا۔ ان کی سادگی، عاجزی اور ادارے سے وابستگی کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔ محمد رضوان کا کہنا تھا کہ اسلامیہ کالج نے اُن کی شخصیت کو نکھارا اور اعتماد دیا، جس کی بدولت وہ آج دنیا کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
اسی تقریب میں پشتو زبان کے معروف شاعر، ادیب، دانشور اور محقق پروفیسرڈاکٹراباسین یوسفزئی کو بھی لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔ ان کا تعلق ضلع دیر سے ہے اور وہ طویل عرصے سے اسلامیہ کالج سے تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں سے وابستہ رہے۔ اُن کی علمی، ادبی اور لسانی خدمات کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا۔ ان کی شاعری اور تحقیق نے پشتو ادب کو نئی جہتوں سے روشناس کروایا، اور ان کے اعزاز میں دیا گیا ایوارڈ پشتو ادب کے لیے سنگِ میل قرار پایا۔
اسلامیہ کالج کی اس تاریخی تقریب میں خیبر پختونخوا کے سابق چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کو بھی لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر کاظم نیاز نہ صرف ایک اعلیٰ منتظم رہے ہیں بلکہ وہ شاعر اور دانشور بھی ہیں۔ اُنہوں نے تعلیم، نظم و نسق اور فلاحی منصوبوں میں مثالی کردار ادا کیا۔ ان کی انتظامی صلاحیتوں اور علم و ادب سے وابستگی کو سراہا گیا۔ ان کا ایوارڈ ان کی بیٹی ملالہ کاظم نے وصول کیا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں اسلامیہ کالج کو اپنی زندگی کا سنگِ بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ان کے لیے ہمیشہ روحانی وابستگی کا مرکز رہا ہے۔
لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ حاصل کرنے والی شخصیات میں ممتاز ماہرِ امراضِ قلب اور رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے بانی ڈاکٹر محمد رحمن کا نام بھی شامل تھا۔ ڈاکٹر رحمن کا تعلق بھی اسلامیہ کالج سے رہا ہے، اور وہ پشاور، خیبر پختونخوا بلکہ پورے پاکستان میں امراضِ قلب کے علاج میں نمایاں خدمات کی وجہ سے انتہائی عزت و احترام سے یاد کیے جاتے ہیں۔ اُنہیں طب کے میدان میں شاندار خدمات پر اس اعزاز سے نوازا گیا۔
اسلامیہ کالج کی اس کانووکیشن تقریب نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا کہ یہ ادارہ نہ صرف تعلیم و تربیت کا مرکز ہے بلکہ ادب، تحقیق، طب، کھیل اور انتظامی اُمور میں بھی نمایاں مقام رکھتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ان تمام شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اسلامیہ کالج کے وقار میں اضافہ کیا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات میں نیا جوش اور ولولہ دیکھنے کو ملا، جنہوں نے عزم کیا کہ وہ بھی ایک دن اس ادارے کا فخر بنیں گے۔
اسلامیہ کالج یونیورسٹی کی نویں کانووکیشن نہ صرف ایک تعلیمی تقریب تھی بلکہ ایک ایسی زندہ روایت کا تسلسل تھی جس میں علم، ادب، نظم و نسق، طب اور کھیل کو یکساں اہمیت دی گئی۔ اس تقریب نے نئی نسل کو یہ پیغام دیا کہ کامیابی کے سفر میں اعلیٰ تعلیم، محنت، دیانت، تہذیب اور لگن لازمی جزو ہیں۔