پشاور: کراچی میں رواں ماہ منعقد ہونے والے35ویں نیشنل گیمز کیلئے خیبرپختونخوا کے جمناسٹک کھلاڑی بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس سلسلے میں پشاور کے مختلف مقامات پر مرد و خواتین کھلاڑیوں کے علیحدہ علیحدہ تربیتی کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں وہ اپنی مہارتوں کو نکھارنے اور قومی سطح پر نمایاں کارکردگی کے لیے محنت کر رہے ہیں۔
مرد کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ قیوم سٹیڈیم پشاور میں قائم جمناسٹک اکیڈمی میں جاری ہے، جہاں انہیں جدید آلات، مناسب ماحول اور تکنیکی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ دوسری جانب خواتین کھلاڑیوں کا کیمپ حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں کوچ محمد گل کی زیرنگرانی جاری ہے، جہاں نہ صرف ان کی جسمانی فٹنس پر کام ہو رہا ہے بلکہ ہر کھلاڑی کی انفرادی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔
صوبائی جمناسٹک ایسوسی ایشن کے صدر عامر صابر ایڈوکیٹ،سینئر نائب صدر شنیلاادریس اور سیکرٹری محمد راجہ کی بھرپور خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا کے جمناسٹ قومی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھائیں اور وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبے میں جمناسٹک کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے اگر درست رہنمائی اور مواقع فراہم کیے جائیں تو یہ کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر بھی ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔
تربیتی کیمپ کے حوالے سے صدرعامرصابرایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی میں روز بروز بہتری آرہی ہے اور امید ہے کہ نیشنل گیمز میں خیبرپختونخوا کی ٹیم ایک مضبوط حریف کے طور پر سامنے آئے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کوچنگ اسٹاف کھلاڑیوں کی تکنیکی کمزوریوں پر خصوصی توجہ دے رہا ہے تاکہ مقابلوں کے دوران بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
یاد رہے کہ ماضی میں بھی خیبرپختونخوا کے جمناسٹک کھلاڑیوں نے نیشنل سینئرزوجونیئرزچمپیں شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم اس بار ایسوسی ایشن کی جانب سے تیاریوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس سے توقع کی جا رہی ہے کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی اس بار مزید بہتر ہوگی۔