پشاور: خیبرپختونخوا یوتھ اولمپک ایسوسی ایشن کےسینئرنائب صدر ملک ہدایت الحق ،سابق انٹرنیشنل فٹبالرمحمدارشد اور صوبائی چک بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عبدالرشیداور نے صوبائی یوتھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر اور ڈائریکٹر سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحر کرم سے انکے دفترمیں ایک اہم ملاقات کی، جس میں صوبے میں تعلیمی اداروں کے اندر کھیلوں کے فروغ اور طلبہ کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں میں شامل کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں عہدیداروں نے یکم تا پانچ فروری اسلام آباد میں ہونے والے یوتھ اولمپک نیشنل گیمز کی تیاریوں پر بھی غور کیا اور خیبرپختونخوا کی باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں بھیجنے کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ صوبے کے نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔
صوبائی یوتھ اولمپک ایسوسی ایشن کےسینئرنائب صدر ملک ہدایت الحق نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور انہیں جدید تربیت اور سہولیات فراہم کرکے قومی و بین الاقوامی سطح پر کامیابیوں کے نئے ریکارڈز قائم کیے جا سکتے ہیں۔
ڈائریکٹرسپورٹس پشاور یونیورسٹی بحر کرم نے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پشاور یونیورسٹی میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط کیا جائے گا تاکہ طلبہ کی جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کو پروان چڑھایا جا سکے۔
اس موقع پر سابق انٹرنیشنل فٹبالر محمد ارشد نے خیبرپختونخوا میں فٹبال سمیت دیگر کھیلوں کی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے لیے بہترین کوچنگ اور سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
عبدالرشید انور نے خیبرپختونخوا میں چک بال کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی اور یوتھ اولمپک نیشنل گیمز میں شرکت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اجلاس میں تمام شرکاء نے اتفاق کیا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے لیے مکمل مواقع فراہم کیے جائیں گے اور یوتھ اولمپک نیشنل گیمز میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔