اسلامیہ ماڈل سکول کےپرنسپل کی نیشنل سوسائٹی فارسپورٹس ڈویلپمنٹ کےڈائریکٹرملک ہدایت الحق سےملاقات

پشاور: اسلامیہ ماڈل سکول لخکرآباد کے پرنسپل طواف خان زازی نے خیبرپختونخواسپورٹس کے معروف شخصیت اور نیشنل سوسائٹی فار اسپورٹس ڈویلپمنٹ (NSSD) کے ڈائریکٹر ملک ہدایت الحق کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پر خصوصی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں خیبرپختونخوا میں کھیلوں کی ترقی اور خاص طور پر تعلیمی اداروں میں کھیلوں کو فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملک ہدایت الحق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا مقصد تعلیمی اداروں میں کھیلوں کو فروغ دینا اور نوجوانوں میں موجود ٹیلنٹ کو تلاش کرکے انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا کے ہر بچے کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے تاکہ وہ نہ صرف کھیلوں میں بلکہ اپنی زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی حاصل کرسکے۔
اس موقع پر پرنسپل طواف خان زازی نے ملک ہدایت الحق اور ان کی ٹیم کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابل تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اسلامیہ ماڈل سکول کے طلبہ کو فٹبال کے لیے سامان فراہم کرنے سے بچوں میں کھیلوں کا شوق پیدا ہوا ہے۔ یہ نہ صرف ان کی جسمانی نشوونما کے لیے اہم ہے بلکہ یہ ان کی ذہنی اور اخلاقی تربیت میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
طواف خان زازی نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ سے نہ صرف صحت مند معاشرہ تشکیل پائے گا بلکہ طلبہ میں قائدانہ صلاحیتیں بھی پروان چڑھیں گی۔ ملک ہدایت الحق نے یقین دلایا کہ NSSD مستقبل میں بھی تعلیمی اداروں اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔