لاہور: قذافی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری تزئین و آرائش اور تعمیراتی کام آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ سینئر اسپورٹس جرنلسٹ شوکت حسین، جو ہزارہ ریجن ایبٹ آباد سے تعلق رکھتے ہیں، نے لاہور کے اس تاریخی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں جاری کام کی تفصیلات فراہم کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔ قذافی اسٹیڈیم کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے نہ صرف پچز کی بحالی پر کام کیا جا رہا ہے بلکہ اسٹیڈیم کے اندرونی اور بیرونی ڈھانچے کی بھی تزئین کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسٹیڈیم میں جدید فلڈ لائٹس کی تنصیب، کھلاڑیوں کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی، وی آئی پی انکلوژرز کی مرمت، اور شائقین کے لیے نشستوں کی بہتری جیسے منصوبے شامل ہیں۔ شوکت حسین کے مطابق، پی سی بی اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ تمام کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل کر لیا جائے تاکہ دنیا بھر سے آنے والے کھلاڑی اور شائقین پاکستان کی مہمان نوازی اور اسٹیڈیم کے شاندار انتظامات سے متاثر ہوں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ ایونٹ نہ صرف شائقینِ کرکٹ کے لیے یادگار ثابت ہوگا بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی دنیا بھر میں اجاگر کرے گا۔