پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیرِاہتمام ٹیکنیکل آفیشلز کورس سیمینار اختتام پذیر

پشاور: پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن اور خیبر پختونخوا تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے اشتراک سے حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں ٹیکنیکل آفیشلز کورس اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
اس پروگرام میں صوبے بھر سے بڑی تعداد میں ٹیکنیکل آفیشلز اور کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی، جو تائیکوانڈو کے کھیل کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا
کورس کے دوران پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور انٹرنیشنل کھلاڑی مسعود افریدی نے شرکاء کو تائیکوانڈو کے جدید اصولوں اور نئے قوانین سے آگاہ کیا۔ انہوں نے شرکاء کو نہ صرف کھیل کے تکنیکی پہلوؤں پر لیکچر دیا بلکہ انہیں عملی تربیت بھی فراہم کی تاکہ وہ کھیل میں اپنی مہارت کو مزید نکھار سکیں۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر نپیل افریدی اور حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کے ایڈمنسٹریٹر عابد افریدی تھے۔ انہوں نے کورس میں شرکت کرنے والے شرکاء میں یادگاری شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔
اس موقع پر نپیل افریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنیکل آفیشلز کی تربیت تائیکوانڈو کے کھیل کو مزید پروفیشنل بنانے کے لیے ناگزیر ہے اور ایسے سیمینارز مستقبل میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔