پشاور: پشاور سروسز کلب میں قائم کراٹے کلب میں تربیت حاصل کرنے والے بچوںکےلئے بیلٹ پروموشن ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں بچوں نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کیا اور اپنی یلو بیلٹس حاصل کیں۔
تقریب میں پشاور سروسز کلب کے سیکرٹری میجر وقاص منور مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے بچوں میں بیلٹ ایوارڈز تقسیم کیے۔اس موقع پر سابق انٹرنیشنل کھلاڑی اور ورلڈ کوالیفائیڈ کوچ فضل حسین خلیل بھی موجود تھے۔
اپنے خطاب کے دوران سروسز کلب کے سیکرٹری میجر وقاص نے بچوں کی کارکردگی کی تعریف کی اور ان کی کھیلوں کی کوششوں میں تعاون کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کوچ فضل حسین خلیل کی لگن اور محنت کو بھی سراہا جس سے بچوں کی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔اس موقع پر کوچ فضل حسین خلیل نے نوجوانوں میں کراٹے کو فروغ دینے کی دلی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ نوجوان کھلاڑی مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر قوم کی نمائندگی کریں گے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس تقریب میں والدین کی طرف سے زبردست ٹرن آوٹ دیکھا گیا، جو اپنے بچوں کی حمایت کرنے اور ان کی کامیابیوں کا مشاہدہ کرنے آئے تھے۔