پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں اختلافات، عاطف خان اور شیرعلی ارباب پارٹی عہدوں سے فارغ

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی)  علی امین گنڈاپور  نے اراکین اسمبلی عاطف خان اور  شیرعلی ارباب کوپارٹی عہدوں سے ہٹادیا۔

عاطف خان پی ٹی آئی پشاور  ریجن کے صدر  اور  شیرعلی ارباب ضلع پشاور کے صدر تھے۔

 عاطف خان کی جگہ ارباب عاصم کو پی ٹی آئی پشاور  ریجن کا صدر مقرر کیا گیا ہے جب کہ  عرفان سلیم کو  پی ٹی آئی ضلع پشاور کا صدر  اور  شہاب ایڈووکیٹ کو جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عاطف خان نے برطرف وزیر شکیل خان کے حق میں بیان دیا تھا جب کہ شیرعلی ارباب نے وزیراعلیٰ پر اعتماد سے متعلق اقرار نامے پر دستخط کرنے سے انکار کیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل شکیل خان کے حق میں بیان دینے پر علی امین گنڈاپور نے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کو فوکل پرسن برائے اراکین قومی اسمبلی کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

یاد رہےکہ خیبر پختونخوا کے سابق وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا تاہم وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی منظوری سے بنائی گئی گڈ گورننس کمیٹی نے شکیل خان کی کارکردگی پر انہیں ہٹانے کی منظوری دی تھی۔