بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان ایک بہترین اداکار کے ساتھ کامیاب ترین اداکاروں میں بھی سرفہرست ہیں جن کا معاوضہ بھی دیگر بالی وڈ اداکاروں کی نسبت کافی زیادہ ہے۔
شاہ رخ خان نے بالی وڈ کیرئیر کا آغاز ایک رومانوی ہیرو کے طور پر کیا تھا لیکن جلد ہی یہ رومانوی جنونی عاشق جیسے منفی کرداروں میں نظر آنے لگے، تاہم ان کرداروں میں تبدیلی وہ نہیں جو شاہ رخ خان کے مداح سمجھتے ہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک خاص وجہ ہے۔
ماضی میں یونیورسٹی میں کی گئی اپنی ایک تقریر کے دوران طلبا سے خطاب میں خواب دیکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا تھا کہ ’بالی وڈ میں ایسے اداکار کم ہی ہیں جنہوں نے اپنی خواہش سے رومانوی ہیرو سے جنونی تشدد پسند عاشق کا کردار ادا کیا لیکن میں نے یہ چھلانگ لگائی اس لیے نہیں کہ میں ایسا چاہتا تھا بلکہ یہ میری ضرورت تھی۔
اپنی تقریر میں شاہ رخ خان نے بتایا تھا کہ ’میرے ایک بہت ہی اچھے دوست جو کہ ہدایتکار بھی ہیں انھوں نے مجھے اپنے پاس بٹھا کر کہا تھا کہ میں انتہائی بدصورت ہوں، اور بدصورت ہونے کی وجہ سے مجھے ایک منفی کردار دیے جاتے ہیں کیونکی میں رومانوی ہیرو نہیں ہوں، میرا چہرہ چاکلیٹی ہیرو کیلئے مناسب نہیں اس کے بعد میں نے بہت ساری چاکلیٹ کھانا شروع کر دیں اور پھر منفی کردار بخوشی تسلیم کیے۔
شاہ رخ خان نے طالب علموں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ ’ہر انسان کو ہمیشہ اپنے خوابوں کی پیروی کرنی چاہیے اور بڑے خواب دیکھتے رہنا چاہیے، کبھی بھی کسی اور کے خواب کو نہیں جینا چاہیے‘۔