کراچی: پاکستانی ٹک ٹاکر حریم شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے شوہر بلال شاہ کو کراچی میں نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے اور ابھی تک ان کا کچھ پتہ نہیں ہے۔
حریم شاہ کی ویڈیو اتوار کو سامنے آئی جس میں انہوں نے بتایا کہ میرے شوہر بلال شاہ گزشتہ ہفتے لندن میں میرے ساتھ تھے۔ پھر وہ کراچی پہچنے تو انہیں گھر کے باہر سے سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے اٹھا لیا۔
دوسری جانب بلال شاہ کی والدہ کی جانب سے ڈیفنس تھانے میں ایک ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق بلال شاہ کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ ’میرا بیٹا سید بلال شاہ 27 اگست رات ساڑھے 10 بجے سے لاپتہ ہے۔
‘عینی شاہدین کے مطابق گھر کے باہر روڈ پر تین گاڑیوں میں کچھ سادہ لباس میں ملبوس افراد آئے اور اس (بلال شاہ) کو اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔‘
پولیس رپورٹ کے مطابق بلال شاہ کی والدہ نے کہا ہے کہ اس کے بعد سے ابھی تک بلال کا گھر والوں سے رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔
دوسری جانب حریم شاہ نے اپنی ویڈیو میں کہا ہے کہ شوہر کی بازیابی کے لیے عدالت میں درخواست بھی جمع کرائی گئی ہے۔
اردو نیوز کو دستیاب معلومات کے مطابق بلال شاہ کی والدہ نے سندھ ہائی کورٹ میں یہ درخواست دائر کی ہے جس میں انہوں نے موقف اپنایا ہے کہ ان کے بیٹے کو نامعلوم افراد نے کورنگی روڈ سے اغوا کیا ہے۔
حریم شاہ کا اپنے ویڈیو بیان میں مزید کہنا تھا کہ ’میرے شوہر بلال شاہ کے خلاف کوئی کیس نہیں۔ ہم نے ڈیفنس تھانے میں درخواست جمع کرائی ہے لیکن ابھی تک پولیس انہیں بازیاب نہیں کرا سکی ہے۔‘